بھٹکل 10/مئی (ایس او نیوز) اِمسال علی پبلک گرلس ہائی اسکول نے ایس ایس ایل سی میں شاندارکامیابی درج کرتے ہوئے صد فیصد نتائج دئے ہیں۔ ہائی اسکول کی شروعات کے پانچویں ہی سال صد فیصد کامیابی درج کرنے پر مقامی عوام اسکول انتظامیہ کی ستائش کررہے ہیں۔
بھٹکل بلاک ایجوکیشن آٓفس سے دی گئی اطلاع کے مطابق علی پبلک گرلس اسکول سے جملہ 64 طالبات میٹرک امتحان میں شریک ہوئیں تھیں اور تمام 64 طالبات کامیاب رہیں، اس طرح گرلس اسکول کی کامیابی کی شرح سو فیصد درج کی گئی ہے۔ دفتر سے دی گئی اطلاع کے مطابق علی پبلک بوائز اسکول سے جملہ 78 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے تھے، دو ناکام رہے، اس طرح بوائز کی کامیابی کی شرح 97.43 فیصد درج کی گئی ہے۔
اسکول کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسکول کی طالبہ سارہ منھل بنت اسمعیل اکرمی نے 96.56 فیصد کے ساتھ اسکول میں ٹاپ کیا ہے۔ جبکہ علی پبلک اسکول (گرلز اینڈ بوائز) کے جملہ 143 طلبہ و طالبات میں سولہ اسٹوڈینٹس نے سائنس، کنڑ ا ور اردو میں صد فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں۔ 25 طلبہ90 سے زائد نمبرات کے ساتھ امتیازی کامیابی درج کی ہے۔ 96 فرسٹ کلاس سے کامیاب ہوئے ہیں۔
اسکول کی اس نمایاں کامیابی پر اسکول کے ذمہ داران بانی اسکول مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی، صدر مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی و نائب صدر جناب عبدالحمید دامودی وغیرھم نے کامیاب طلبہ وطالبات سمیت اسکول کے تمام اساتذہ و ٹیچنگ اسٹاف کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
پریس ریلیز میں اسکول کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ امسال سے ان شاء اللہ علی پبلک پی یو (P.U) کالج کا بھی آغاز ہو رہا ہے جس میں طالبات کا الگ کیمپس ہوگا اور طلبہ و طالبات دونوں کے لیے کالج کی تعلیم کے ساتھ حفظ قرآن مجید و قرآنی عربک کلاسس بھی ہوں گے، اسی طرح دسویں میں 90% فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والوں کو تعلیمی فیس میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ سر دست سائنس اور کامرس پی یو کلاسس ہوں گے جس میں ان شاء اللہ الگ الگ سیکشن میں کم سے کم طلبہ وطالبات رکھ کر ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جس کے لیے ماہر لکچررس مرد و خواتین کا کالج کے لیے انتخاب عمل میں آچکا ہے۔